پنجاب بجٹ 27-2026 کی تیاریاں مکمل، کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کی تجویز

پنجاب حکومت کا مالی سال 27-2026 کا بجٹ تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ تمام سرکاری محکموں سے بجٹ تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق آئندہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور بعض سروسز پر ٹیکس کی شرح میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کا بنیادی فوکس تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر، صفائی ستھرائی، زراعت، امن و امان اور عوام کو سستی خوراک کی فراہمی پر ہوگا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ بجٹ کا مجموعی حجم 6 ہزار ارب روپے رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1500 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاقی حکومت کے برابر اضافے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت ساڑھے 4 ٹریلین روپے سے زائد فنڈز موصول ہونے کا امکان ہے۔

بجٹ جون کے دوسرے ہفتے میں پنجاب اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ صوبائی وزیر خزانہ مجتبٰی شجاع الرحمٰن بجٹ پیش کریں گے، جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز بجٹ اجلاس کے تمام سیشن میں موجود ہوں گی۔

Comments (0)
Add Comment